مسئلہ
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
بعدہ عرض اینکہ زید کی لڑکی کی شادی ہے اور زید بہت غریب ہے بکر اپنی قربانی کا بکرا تیسری قربانی کو زید کی لڑکی کی شادی میں دے کر اپنے نام سے قربانی کرواکروہ پوراگوشت زید کو دینا چاہ رہا ہے کہ اپنی لڑکی کی شادی میں بنا کر کھلا دے تو کیا ایسا کرنا درست ہوگا۔
المستفتی:-عارف نظامی سدھارتھ نگر
جواب
وعلیکم السلام ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
الـــــجـــــــواب بـــعون المــلک الـــوھـــاب
-صورت مسئولہ میں بکر اپنے بکرے کی قربانی ایام قربانی میں اپنے نام ہی سے کرے اس کے بعد اگر چاہے تو ذبح شدہ پورا بکرا یا صرف گوشت ہی زید کو دے سکتا ہے کوئی حرج نہیں بلکہ باعثِ اجر عظیم ہے۔ کہ قربانی وغیرہ کے گوشت میں ایک مسلمان کا یہ جذبہ ہونا ہی چاہئے کہ جتنا زیادہ ہو سکے غریب وغرباء ومساکین کو دے۔ کہ قربانی کے گوشت کا تین حصہ کرنا یہ صرف مستحب ہے لیکن اگر کوئی سب کا سب صدقہ کردے یا کسی حاجت مند کو دیدے تو یہ اور بھی بہتر ہے۔
ایسا ہی بہار شریعت ح 15 ص 155 پر ہے۔
ھکذا فی الفتاویٰ الفقہیہ۔
واللّٰہ تعالیٰ اعلم بالصواب
عبد المقتدر مصباحی